نیویارک :بالی ووڈ اداکار نیل نتین مکیش نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ 2009 میں نیویارک ایئرپورٹ پر حکام نے ان کی بھارتی شناخت پر شک کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔
نیل کے مطابق، ان کے پاس بھارتی پاسپورٹ موجود تھا، لیکن ایئرپورٹ حکام نے اس کے باوجود ان کی شہریت پر سوالات اٹھائے اور انہیں وضاحت کا موقع نہیں دیا۔ نیل نے بتایا کہ وہ فلم "نیویارک" کی شوٹنگ کے سلسلے میں وہاں پہنچے تھے، مگر امیگریشن حکام نے انہیں تقریباً چار گھنٹے روکے رکھا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ جب حکام نے آخرکار ان سے پوچھا کہ وہ کیا وضاحت دینا چاہتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا، "میرا نام گوگل کرلیں، آپ کو سب معلوم ہو جائے گا۔" یہ سن کر امیگریشن اہلکار شرمندہ ہو گئے اور پھر نیل کے دادا اور والد کے بارے میں سوالات کرنے لگے۔
واضح رہے کہ نیل کے والد نیتن مکیش اور دادا مکیش بھارت کے نامور گلوکار رہ چکے ہیں۔ نیل نتین مکیش حال ہی میں "حساب برابر" نامی مزاحیہ ایکشن فلم میں نظر آئے، جس کی ہدایتکاری اشونی دھیر نے کی۔ فلم میں ان کے ساتھ آر مادھون، کیرتی کلہاری، رشمی ڈیسائی اور فیصل رشید بھی شامل تھے۔