اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ جس کی توقع کی جارہی تھی وہی ہوا۔غیر اخلاقی قسم کے الزامات لگائے گئے ۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے دوران عدت نکاح کیس کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس کی توقع کی جارہی تھی وہی ہوا۔غیر اخلاقی قسم کے الزامات لگائے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا کیس ہے جس کا سر ہے نہ پائوں۔کیس میں قانونی تقاضے پورے نہیں ہوئے۔یہ سب کچھ سیاسی مقاصد کے لیے ہورہا ہے ۔اس فیصلےکے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے، ہمیں انصاف ضرور ملے گا ۔
میں نے جج صاحب سے کہا آپ سے یہ توقع نہیں تھی۔ جج صاحب نے ابھی بھی ججمنٹ پر دستخط نہیں کیے۔فیصلہ زبانی سنایاگیا کاپی نہیں دی گئی ۔
ان کاکہنا تھا کہ الیکشن سے آئوٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اب بھی دوسرے سیاست دانوں سے الگ ہیں۔
یاد رہے کہ آج سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو غیر شرعی نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔