اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات اور قومی اسمبلی کی 86 نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخوں پر مشاورت کیلئے 7 فروری کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں ممبران،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی اسمبلی کے عام انتخابات ، قومی اسمبلی کی86 نشستوں پر ضمنی انتخاب پر بریفنگ دی۔
سیکرٹری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے آزادانہ،منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا،رجسٹرار ہائیکورٹ پنجاب اور کے پی سے جوڈیشنل افسران کی خدمات مانگ لی ہیں، رجسٹرارہائیکورٹ پنجاب اورکے پی کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کا آئندہ اجلاس منگل 7 فروری کو منعقد ہو گا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، خیبرپختونخوا شریک ہوں گے، آئی جی پنجاب اورخیبرپختونخوا بھی شریک ہوں گے جبکہ اجلاس میں صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات پر بریفنگ دی جائے گی اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔