پشاور: وزیراعظم کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاورمیں منعقدہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف افغانستان سے بات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکا نے دہشت گردی کا یکجا ہوکر مقابلہ کرنے پراتفاق کیا جبکہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے 7 فروری کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں پیش کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق 7 گھنٹے جاری رہنے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے متعلق بتایا گیا کہ حتمی فیصلے اے پی سی میں ہوں گے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغانستان ودیگر پڑوسی ممالک سے بات کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکا نے خیبرپختونخوا میں امن بحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد پراتفاق کا اظہار کیا، علاوہ ازیں اجلاس میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی۔