اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ روس کے ساتھ مذاکرات مکمل کر لئے ہیں اور معاہدے کی کمرشل تفصیلات مارچ سے قبل طے ہو جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سینیٹ اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ روس نے پاکستان کو دنیا کے مطابق یا اس سے بہتر ڈیل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ روس سے کمرشل کارگو کے سفر کا وقت 20 سے 21 دن ہے، اپریل کے مہینے میں روس سے خام تیل کے کارگوز آنا شروع ہو جائیں گے۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم کا کہنا تھا کہ نیشنل شپنگ کارپوریشن سے روس سے تیل منگوانے کیلئے براہ راست مذاکرات چل رہے ہیں، اضافی جہاز بھی چاہیے ہوں تو نیشنل شپنگ کارپوریشن مہیا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی پابندیوں کے باعث ایران سے براہ راست تیل اور گیس نہیں خرید سکتے، ایران کے ساتھ فنانشل ٹرانزیکشن بڑھانا مشکل ہے۔