اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے رجسٹرار لاہور اور پشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل افسران کی خدمات فراہم کرنے کے لئے درخواست کر دی گئی ہے ۔
الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا ۔اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اوردیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پنجاب ، خیبر پختونخوا اور 86 نیشنل اسمبلی کی جنرل نشستوں کے انتخابات کے انعقاد بر بریفنگ دی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا اب تک کے انتظامات پر بھی بریفنگ دیتے ہو ئے کہنا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے رجسٹرار ہائیکورٹ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو جوڈیشل افسران کی خدمات فراہم کرنے کے لئے درخواست کر دی گئی ہے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی میٹنگ 7 فروری کو ہوگی ۔ چیف سیکرٹری پنجاب ، خیبر پختونخوا اور آئی جی پنجاب اور خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ، نیشنل اسمبلی کے ضمنی انتخابات ، امن وامان کی صورتحال اور انتخابات سے متعلق دیگر امور پر بریفنگ دیں گے ۔
ضابطہ اخلاق پر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورتی میٹنگ 9 فروری کو ہوگی جس میں سیاسی پارٹیوں سے ڈرافٹ ضابطہ اخلاق سےمتعلق رائے لی جائے گی ۔الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کی تاریخوں سے متعلق بھی مشاورت کی۔