راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں فورسز کے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کر لیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقےغلام خان خیل میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور بڑی تعدادمیں ہتھیار،گولیاں اورآئی ای ڈیزتحویل میں لےلی گئیں۔ ہتھیاروں میں سب مشین گنیں،ہینڈگرینیڈ،آرپی جی سیون راکٹ شامل ہیں جب کہ آلات مواصلات اورمختلف اقسام کی گولیاں بھی برآمدکی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز کو علاقےمیں دہشت گردوں کےٹھکانوں کی اطلاعات ملی تھیں۔
اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ نوشکی اور پنجگور میں ہوئے حملوں میں 13دہشت گرد مارے گئے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے دونوں حملے ناکام بنائے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بھی کیے جبکہ نوشکی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 9 دہشت گردمارے گئے جبکہ حملے میں ایک افسر سمیت 4 اہلکار شہید ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا فرار دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ پنجگور میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 سے 5 دہشت گردوں کو گھیر لیا ہے اور حملوں کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔