بیجنگ: چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم عمران خان ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ 4 روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ چین کے سفیر اور چین میں پاکستانی سفیر معین الحق نے وزیراعظم کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔
وزیراعظم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے ساتھ دو طرفہ امور پر ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین خصوصا سی پیک فریم ورک کے تحت تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث آئیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم چین کے ممتاز کاروباری رہنماؤں، سرکردہ تھنک ٹینکس، دانشوروں اور میڈیا کے نمائندوں سے آن لائن ملاقاتوں کے علاوہ دیگر اہم دو طرفہ ملاقاتوں میں بھی شریک ہوں گے۔