نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان میں ہوں گے، جاوید لطیف کا دعوی

05:51 PM, 3 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان میں ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پاکستان میں حکمرانوں کی موجودگی میں بنیں جب کہ اسد عمر نے کچھ دن پہلے کہا کہ نواز شریف کو بھیجنے کا فیصلہ عمران خان کا تھا۔

دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ نواز شریف خود سے نہیں آئیں گے انہیں لایا جائے گا اور ان کی واپسی کے لیے جو ہو سکے گا حکومت کرے گی جبکہ ہم نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے لیے بونڈ کی شرط رکھی تھی اور اب نواز شریف کی منزل جیل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ انہوں نے بیٹوں کے ہمراہ نیلسن میں فیکٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہیں بریفنگ بھی دی گئی، نواز شریف کے ہمراہ اسحاق ڈار بھی فیکٹری کے معائنے کیلئے گئے اور فیکٹری لندن سے 255 میل دور نیلسن کےعلاقے میں قائم ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس سامنے آئیں تھیں جس میں ڈاکٹر نے نواز شریف کو مکمل ٹھیک نہ ہونے تک سفر نہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا بغیر علاج واپس جا کر قید کاٹنا اور بیوی کے انتقال کا صدمہ دل کا مرض بڑھاسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انھیں ہر گز سفر نہیں کرنا چاہیے اور ایئرپورٹ،عوامی مقامات پر ہرگز نہ جائیں اور جب تک نواز شریف کی کارنری انجنیو مکمل نہ ہو، اسپتال سے دور نہ جائیں، کورونا اورمختلف امراض کی وجہ سے نواز شریف کی زندگی کو خطرات ہیں۔

مزیدخبریں