کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان لیگ ایونٹ کی تاریخ میں پاور پلے کے دوران سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ رکھنے والے کھلاڑی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہو چکا ہے جس میں فخر زمان نے اب تک انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور کراچی کنگز کیخلاف کھیلے گئے میچ میں شاندار سنچری بھی سکور کر رکھی ہے۔
انہوں نے ملتان سلطانز کیخلاف کھیلے گئے میچ میں 76 رنز کی اننگز کھیلی اور انہوں نے پاور پلے کے دوران انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت انہوں نے شرجیل خان کو پیچھے چھوڑتے پاور پلے میں سب سے بہترین بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
فخر زمان 136 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ شرجیل خان 129 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ دوسرے، کامران اکمل 126 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ تیسرے، کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم 114 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ چوتھے اور احمد شہزاد 110 کے سٹرائیک ریٹ کیساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
پاور پلے میں جارحانہ بلے بازی، فخر زمان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا
04:59 PM, 3 Feb, 2022