کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایلیٹ پینل کے امپائر فیصل خان آفریدی پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022ءکے ہیلتھ اینڈ سیفٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے کے باعث 5 میچز کی پابندی اور میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ہیلتھ اینڈ سیفٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فیصل خان آفریدی پر پابندی کا فیصلہ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے سے متعلق ہمارے عزم کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کیلئے ہیلتھ اینڈ سیفٹی پروٹوکولز وضع کئے ہیں تاکہ اس میں شریک کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو دستیاب رہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس ایونٹ کو دیکھنے والے کروڑوں شائقین کو محظوظ کر سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل خان آفریدی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کی ہے جبکہ ان پر پابندی اور جرمانے کا فیصلہ عثمان واہلہ اور سلمان نصیر پر مشتمل پی سی بی کی کوویڈ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔