کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ سے پہلے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو زبردست خوشخبری مل گئی ہے اور انگلینڈ کے جیمز وینس میدان میں اترنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں جنہیں آج اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کیلئے ٹیم میں شامل کئے جانے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹر جیمز وینس نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد گزشتہ روز ناصرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکواڈ جوائن کر لیا تھا بلکہ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس سیشن میں بھی بھرپور حصہ لیا اور وہ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
واضح رہے کہ جیمز وینس پاکستان آنے سے قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے اور قرنطینہ اختیار کیا تھا اور پی ایس ایل کے کوویڈ ایس او پیز کے تحت ایسے کھلاڑیوں کو پاکستان پہنچنے پر مزید قرنطینہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ کورونا وائرس کا صرف ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں ہی وہ سکواڈ میں شامل ہو جاتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ لینڈ کرنے کے بعد جیمز وینس کا ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹ منفی آئی اور اس طرح انہوں نے ناصرف فوری طور پر سکواڈ جوائن کر لیا بلکہ وہ آج اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کھیلنے کیلئے بھی دستیاب ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیمز وینس اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ کیلئے دستیاب
01:42 PM, 3 Feb, 2022