حکومت کا 2021ء کے آخر تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین پہنچانے کا پلان

11:57 AM, 3 Feb, 2021

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ 2021ء کے آخر تک ملک کی 70 فیصد آبادی کو وبائی مرض سے بچاؤ کیلئے ویکسین پہنچا دی جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے فراہم کی جائے گی، اس کے بعد دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ سائنوفارم ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز موصول ہو چکی ہیں، 30 جون سے پہلے ویکسین کی 17 ملین ڈوز آ جائیں گی۔ کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک 70 فیصد افراد تک ویکسین پہنچے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ آبادی میں سے 10 کروڑ افراد کو ویکسین لگ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کو ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز بطور تحفہ دی ہیں، اس کے بعد پورے ملک میں آج بیک وقت ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سائنوفارم ویکسین سے ہیلتھ کیئر ورکرز کو تحفظ ملے گا۔ سائنوفارم بہت قابل بھروسہ ویکسین ہے۔

مزیدخبریں