اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر یہ عزم دہرایا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ گزشتہ 18 ماہ سے جموں کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا رویہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔ 5 اگست کے غیر آئینی اقدامات کے بعد مسئلہ کشمیر 3 بار اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا۔ بھارت کا اپنا میڈیا بھی اب ظلم و ستم کیخلاف آواز بلند کر رہا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی جانب سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہندوتوا نظریے پر عمل کرکے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو دیوار سے لگا رہا ہے۔ بھارتی فوج نے کشمیری حریت رہنماؤں کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔ نہتے کشمیریوں کے گھروں کو نذر آتش کیا گیا لیکن بھارتی جبر و استبداد سے حریت تحریک کو مزید تقویت ملی۔