اسلام آباد: ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں اور 7 مشتبہ افراد کلیئر جبکہ چین سے آنے والوں میں بھی کوئی مشتبہ شخص شامل نہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس مل گئی ہیں۔ کٹس مختلف ممالک سے منگوائی گئی ہیں اور کٹس سے 7 افراد کا معائنہ کیا گیا، ساتوں افراد میں وائرس تشخیص نہیں ہوا، چین سے آنیوالوں کا خود استقبال کیا، چین سے آنیوالوں میں کوئی مشتبہ مسافر نہیں ملا۔
اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کرونا وائرس سے 371 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، چیلنج سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملک میں تمام تقریبات کو منسوخ کر دیا ہے، دنیا کو اپنے اقدامات سے آگاہ کر رہے ہیں، ڈبلیو ایچ او نے ہمارے اقدامات کو سراہا ہے، پر امید ہیں اس وبا سے نمٹ لیں گے، پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو خط بھی لکھا۔
چینی سفیر یاؤجنگ کا کہنا تھا چین میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد ہے، مشکلات وقتی ہیں، تمام پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، چین میں پاکستانی شہریوں کو اپنا ہم وطن سمجھتے ہیں، آج 12 چینی باشندے بھی پاکستان آئے ہیں، سفر کیلئے 2 ہفتے معائنے میں رکھا جاتا ہے، پاکستان آنیوالے 12 چینی باشندوں میں 4 بزنس مین ہیں، سخت مانیٹرنگ کے بعد ان افراد کو پاکستان آنے کی اجازت دی گئی، چین نے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اقدامات کیے۔