لاہور:فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس کے نظام بڑی تبدیلی لائی جارہی ہے،محکمہ پولیس میں بھی ریفارمز کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ، لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گیس کے زائد بلوں سے متعلق نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ کل صحت کارڈز کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا جائے گا، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7 سے 9 لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں گورننس کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا، پنجاب میں گورننس سے متعلق بڑی تبدیلی لائی جارہی ہے جب کہ محکمہ پولیس میں بھی ریفارمز لائی جارہی ہیں، (ق) لیگ کے ساتھ پی ٹی آئی کے نہ تو کوئی تحفظات ہیں اور نہ کوئی سنجیدہ اختلافات ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز فیصلہ کریں گے اور اس حوالے سے ڈاکٹرز آزاد ہیں جب کہ ان کی قسمت سے متعلق فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری نے یا تو جیل میں دن گزارنے ہیں یا پھر لندن میں۔
سانحہ ساہیوال پران کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال پر متاثرین سے اظہار یکجہتی کیاہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔