نئی دہلی : مہاراشٹر میں دکاندار نے ایک روپیہ کم دینے پر 54 سالہ گاہک کی جان لے لی ۔
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے علاقے رام باغ کے دکاندار نے گاہک سے معمولی جھگڑے پر اس کی جان لے لی ۔ کلیان کے رہائشی 54 سالہ منوہرگمنے نے مبینہ طور پر دکاندار کو انڈے خریدنے کے بعد ایک روپیہ کم دیا ۔ جس کے بعد دکاندار سے تلخ کلامی ہو گئی ۔
پولیس اسٹیشن تھانے کے پی آر او (پبلک ریلیشن آفیسر ) سخدانارکر کا کہناہے کہ " ایک روپیہ کم دینے پر دکاندار نے گاہک (منوہر ) کو بر بھلا کہنا شروع کر دیا جس نے جھگڑے کی صورت اختیار کر لی ۔پی آر او کا مزید کہناتھا کہ جھگڑا ایک بار ختم ہو گیا تھا تاہم تھوڑی دیر بعد منوہر اپنے بیٹے کے ساتھ دکان پر آیا اور دوبارہ جھگڑنا شروع کر دیا ۔
اس دوران دکاندار کے بیٹے نے منوہر کو لاتوں اور گھونسوں سے مارنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے منوہر کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق انہوں نے 45 سالہ ملزم سوداخر پربھو کو 54 سالہ شخص کو قتل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے ۔