بھارتی ریاست میں پر تشدد مظاہرے، وزیراعلی کا گھرنذرآتش

09:08 PM, 3 Feb, 2017

نئی دہلی:  بھارت کی ریاست ناگالینڈ کے دیماپور میں بلدیاتی انتخابات میں خواتین ریزرویشن کی مخالفت پر گذشتہ رات تشدد بھڑک گیا۔ناگالینڈ میں شہری بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کی مخالفت ہو رہی ہے۔ دارالحکومت وہیما میں بھی یہ احتجاج پرتشدد ہو گیا۔ حالات اور بگڑ گئے۔ مظاہرین نے کئی سرکاری عمارتوں میں آگ لگا دی۔ مشتعل لوگوں نے وزیراعلی ٹی آر جلیانگ کا گھربھی نذرآتش کر دیا۔ پرتشدد مظاہروں کو دیکھتے ہوئے ریاست میں انٹرنیٹ سروس روک دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔اس درمیان ناگالینڈ کے ڈی جی پی نے کہا ہے کہ دیماپور میں اب حالات کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہیما میں پرتشدد واقعات ہوئے ہیں، لیکن اب پرتشدد مظاہروں پر قابو پا لیا گیا ہے۔اس سے پہلے ہزاروں لوگوں نے سیکرٹریٹ،  میونسپل کونسل اور ضلع کمشنر کے آفس کی طرف مارچ کیا۔ واضح رہے کہ منگل کو پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں دو نوجوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ قبائلی تنظیم یہاں خواتین کو انتخابی ریزرویشن دینے کی مخالفت کر رہی ہے۔

مزیدخبریں