بلاوایو: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
میزبان زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے لیے غلط ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز کے سامنے زمبابوے کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار بن گئی اور پوری ٹیم 12.4 اوورز میں صرف 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ برائن بینٹ 21 اور مارومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
پاکستان کو 58 رنز کا ہدف ملنے کے بعد قومی ٹیم نے چھٹے اوور میں بغیر کسی نقصان کے یہ ہدف مکمل کر لیا۔ عمیربن یوسف 22 اور صائم ایوب 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان نے اس میچ میں اپنی پچھلی ٹیم کو برقرار رکھا، جس میں کپتان سلمان آغا، صائم ایوب، عمیربن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل تھے۔
پاکستانی ٹیم کی جیت کے بعد سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے، اور وہ کل کے میچ میں سیریز اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔