دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے 57 رنز پر ڈھیر، پاکستانی بولرز چھا گئے

06:13 PM, 3 Dec, 2024

بلاوایو: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور صرف 57 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

میزبان کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز کی تباہ کن کارکردگی کے باعث زمبابوے کی بیٹنگ لائن 12.4 اوورز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ برائن بینٹ نے 21 اور مارومانی نے 16 رنز بنا کر ٹیم کی لاج رکھنے کی کوشش کی، لیکن 9 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان بولر سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ عباس آفریدی نے 2، جبکہ ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا۔ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، اور آج کا ہدف حاصل کر کے سیریز جیتنے کا سنہری موقع موجود ہے۔

پاکستانی ٹیم: سلمان آغا (کپتان)، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم۔
 

مزیدخبریں