راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے پاک فوج ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دے گی اور کسی بھی دشمن کے حملے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات نارووال اور سیالکوٹ میں ٹریننگ فیلڈ کے دورے کے دوران کہی ، اس موقع پر کور کمانڈر گوجرانوالہ اور آئی جی ٹریننگ نے ان کا استقبال کیا اور انہیں مشقوں کے مقاصد پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے جوانوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی تربیتی معیار، پیشہ وارانہ تیاریوں اور بلند جذبے کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے دشمن کے کسی بھی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے فوج کی مسلسل تیاری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مشقوں کا مقصد جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان قوم کی حمایت سے ملک کی دفاعی اور سلامتی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور فوجی جوان اپنے عزم، حوصلے اور صلاحیتوں کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔