بلوچستان کے ضلع دکی میں ژالہ باری نے 42 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، سردی میں اضافہ

11:39 AM, 3 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

دکی : بلوچستان کے ضلع دکی میں حالیہ ژالہ باری نے 42 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں سردی کی شدت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ضلع دکی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید ژالہ باری سے سولرپلیٹوں اور درختوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث مقامی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب، وادی نیلم کے سیاحتی مقامات اڑانگ کیل اور اپر گریس میں برفباری کے بعد قدرتی مناظر نے سفیدی کی چادر اوڑھ لی ہے، جس سے ان علاقوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں صبح اور رات کے اوقات میں خنکی بڑھ گئی ہے، جبکہ کراچی میں آج سے وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پیر کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت نے مزید اضافہ کیا، جس میں سب سے کم درجہ حرارت لہیہ میں منفی 8، اسکردو، گوپس، ہنزہ میں منفی 3 اور کالام میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کی شدت کے پیش نظر حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے وقت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں