واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والے احتجاج کو پرامن طریقے سے منعقد کیا جانا چاہیے اور حکومت پاکستان کو مظاہرین کے ساتھ احترام سے پیش آنا چاہیے۔
پریس بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ امریکہ اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں، انہوں نے بھارتی حکومت کے ساتھ سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے بارے میں بات چیت کی تصدیق کی، تاہم ٹرمپ کے اتحادی ممالک کو دھمکیوں سے متعلق کسی موقف دینے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ نومبر 2023 میں امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے سکھ رہنما کے قتل کی بھارتی سازش کا انکشاف کیا تھا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امریکی شہری اور سکھ ایکٹوسٹ گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منظوری اُس وقت کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سربراہ سمنت گوئل نے دی تھی، جبکہ قاتلوں سے رابطہ ’را‘ کے افسر وکرم یادیو نے کیا۔
رپورٹس کے مطابق، قتل کا حکم اُس وقت دیا گیا جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جون 2023 میں امریکا کے دورے پر تھے۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں کا کہنا تھا کہ انہیں ملزمان کے نریندر مودی کے قریبی حلقے سے روابط کے شواہد بھی ملے ہیں ۔اس سازش کا انکشاف ہونے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارت کا ہائی پروفائل دورہ منسوخ کر دیا تھا۔