تل ابیب: اسرائیل کے سابق نیوی افسر اور ان کے بیٹے سمیت چار افراد پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے گھر پر حملے کے الزام میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان افراد پر 16 نومبر 2024 کو نیتن یاہو کے کیسریا میں واقع گھر پر آتش گیر مواد پھینکنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
مذکورہ افراد میں ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) اوفر ڈورون، ان کے بیٹے گال ڈورون، اور دو دیگر افراد شامل ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان ملزمان نے نیتن یاہو کے گھر کے باہر دو فلیئرز فائر کیے۔ ان میں سے ایک فلیئر گھر کے باہر جھاڑیوں پر گرا جبکہ دوسرا گھر کے داخلی راستے کے قریب پہنچا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نیتن یاہو کے اہلخانہ بھی اس وقت گھر میں موجود نہیں تھے۔
نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے خود کو متاثرہ قرار دینے کی درخواست دی ہے، اور انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ان کی اور ان کے خاندان کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے والا تھا۔