مونس الہٰی کے بیان سے فوج کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے موقف پر شبہات بڑھ گئے، وضاحت ہونی چاہیے: رانا ثنا 

11:08 AM, 3 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور : وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی کے بیان نے فوج کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے مؤقف پر ’شبہہ اٹھایا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بات انہیں کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ اگر اس بات سے باجوہ صاحب کو کوئی نقصان پہنچا بھی ہے تو وہ بھرپور زندگی اور ملازمت گزار کر اب جاچکے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ادارے نے قوم کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ پچھلے سال انہوں نے یہ فیصلہ کیا جس کے بعد سے انہوں نے سیاست میں دخل نہیں دیا۔ اب چودھری مونس الہی کے اس بیان نے ادارے کے مؤقف پر شبہہ اٹھایا ہے۔ اس کی وضاحت ہونی چاہیے۔وہ کہتے ہیں کہ عسکری قیادت عوام سے کیے گئے وعدہ پر قائم ہے۔

واضح رہے کہ مونس الہی نے کہا تھا کہ گذشتہ ماہ ریٹائر ہونے والے آرمی چیف جنرل باجوہ نے انہیں تحریک عدم اعتماد سے قبل عمران خان کا ساتھ دینے کا پیغام دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’اگر وہ بندہ (جنرل باجوہ) بُرا ہوتا تو کبھی یہ نہ کہتا کہ آپ عمران خان کا ساتھ دیں۔‘

مزیدخبریں