لاہور : وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پنجاب ،خیبر پختونخوا اسمبلیاں توڑ دے ہم الیکشن کرادیں گے۔ بلوچستان ، سندھ اور وفاقی حکومت قائم رہے گی۔ الیکشن ہوئے تو ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے کہ پنجاب میں اکثریت حاصل کرسکیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے اور ہم مہنگائی ابھی تک قابو نہیں پا سکے اسی لیے ہم الیکشن ہار رہے ہیں۔ جب بھی الیکشن ہوئے چاہے پنجاب میں ہوں یا وفاق میں نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف پاکستان مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ ہم الیکشن میں جا کر عوام کو بتائیں گے کہ عمران خان نے جو معیشت کی تباہی کی ہے وہ 6 ماہ میں ٹھیک نہیں ہوسکتی ہمیں امید ہے کہ عوام ہماری بات سنیں گے۔
انہوں نے عمران خان کی مذاکرات کی پیش کش پر کہا کہ سیاسی معاملات مذاکرات سے ہی حل ہوں گے۔ عمران خان نے پہلی مرتبہ کہا ہے کہ وہ مخالفین کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ مل بیٹھنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ابھی تک مسلم لیگ ن نے کوئی فیصلہ نہیں کیا کہ عدم اعتماد لانی ہے یا نہیں۔