سانحہ سیالکوٹ کے پہلے 24 گھنٹوں میں اہم پیش رفت سامنے آگئی 

09:17 PM, 3 Dec, 2021

لاہور:سیالکوٹ فیکٹری ملازمین کے تشدد سے سری لنکن شہری کی ہلاکت کے بعد پولیس نےتشدد کرنے اور اشتعال انگیزی میں ملوث ملزمان میں سے ایک مرکزی ملزم فرحان ادریس کو گرفتار کر لیا ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ،پنجاب پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان میں سے ایک ملزم فرحان ادریس کو گرفتار کر لیا ،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق  مرکزی ملزم فرحان ادریس کو ویڈیو میں تشدد کرتے اور اشتعال دلاتے دیکھا جا سکتا ہے ۔

ذرائع کےمطابق پولیس کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،پولیس نے واقعہ میں ملوث 100سے زائد افراد کو حراست میں لےلیا ہے، جن کے کردار کا تعین سی سی ٹی وی فوٹیج سے کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے  سیالکوٹ میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں نجی فیکٹری ملازمین نےغیر ملکی فیکٹری منیجر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگادی تھی ،افسوسناک واقعہ وزیر آباد روڈپر پیش آیا جہاں غیر ملکی فیکٹری منیجر پر فیکٹری ملازمین نے انسانیت سوز تشدد کیا۔

 غیر ملکی منیجر پر لاٹھیوں، ڈنڈوں سے وار کئے گئے اور اسے لہولہان کیا گیا۔ مشتعل افراد کو پھر بھی رحم نہ آیا اور انہوں نے شدید زخمی غیر ملکی مینیجر کو آگ لگادی جس کے باعث وہ جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

مزیدخبریں