لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ طویل عرصے کے بعد ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے جا رہے ہیں اس لئے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے بے حد پرجوش ہیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے لیگ سپنر شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک سے باہر ہی سیریز کھیلی ہیں اور بالآخر اپنے وطن کی سرزمین پر کھیلنے کا لمحہ بھی قریب آ گیا ہے، اپنے کراؤڈ کے سامنے کرکٹ کھیلنے کا مزہ ہی الگ ہے، اس لئے ہم اس سیریز سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔
شاداب خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوران 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت دینے اور اس سلسلے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے بھی گرین سگنل ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، ہم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز جیتنے اور مداحوں کو مزید خوشیاں دینے کی بھرپور کوشش کریں گے، یکے بعد دیگرے سیریز کھیلنے کے باعث کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی نیا کمبی نیشن آزمائیں گے۔