کابل: افغان طالبان نے کہا ہے کہ نمروز میں سرحدی جھڑپ میں 9 ایرانی گارڈز ہلاک ہوئے تھے ۔ افغان اور ایران سرحدی فورسز میں جھڑپیں غلط فہمی کی بنیاد پر ہوئی تھیں تاہم اب حالات قابو میں ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان اورایران کی سرحدی فورسز میں ہونے والی جھڑپ میں 9 ایرانی گارڈ ہلاک ہوگئے تھے ۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ایران سے جھڑپیں مقامی سطح پرغلط فہمی کی وجہ سے ہوئی تھیں لیکن افغان اورایرانی حکام کے باہمی رابطوں کے باعث اب صورتحال قابو میں ہے۔
دوروزقبل نمروزکے سرحدی علاقے میں ایران اورطالبان کے درمیان سرحدی جھڑپیں ہوئیں تھیں جس میں مقامی طالبان حکام نے ایران کی3چیک پوسٹوں پرقبضے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
نمروز کے گورنرکے ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں فیول کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والی غلط فہمی جھڑپوں کی وجہ بنی تھی۔ جھڑپوں میں ایک طالبان جنگجو زخمی ہوا تھا۔
ایرانی حکام نے طالبان کے ایرانی سرحدی گارڈز کی ہلاکت کے بیان پرکوئی ردعمل نہیں دیا۔