اسلام آباد: برطانوی پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس کا وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دولت مشترکہ ممالک کے درمیان قریبی اور منفرد تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے مابین بین الاقوامی سطح پر تعلقات بہترین دوستی کا مظہر ہیں۔ شہزادہ چارلس اور وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔
شہزادہ چارلس نے کہا برطانیہ پاکستان کو قابل تجدید توانائی کے استعمال میں اضافے کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ آئندہ سال موسمیاتی تبدیلی پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے خصوصی افراد کے لئے دو ہزار روپے ماہوار وظیفے کا اعلان کیا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا یہ معذور افراد کی بہتری کی جانب ایک انقلابی اقدام ہے اور مخصوص افراد کے لئے نئی احساس کفالت پالیسی سے دو ملین خاندان مستفید ہوں گے۔