شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا

05:43 PM, 3 Dec, 2020

لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف اورحمزہ شہبازکی پیرول کی مدت ختم  ہو گئی اور انہیں کوٹ لکھپت سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول رہائی کی مدت ختم ہونے پر انہیں سخت سکیورٹی میں سنٹرل جیل کوٹ لکھپت منتقل کر دیا گیا۔ جب انہیں گرفتار کر کے لے جا رہا تھا تو لیگی کارکنوں کی اپنے قائدین کے حق اور حکومت مخالفت نعرے بازی کی ۔ 

پیرول پر رہائی کے آخری روز اہم سیاسی رہنماؤں کی شہباز شریف سے ملاقات کی ۔ جن میں سابق وزرائے اعظم سیدیوسف رضا گیلانی ،شاہد خاقان عباسی ،مریم نواز  ، چوہدری پرویز الہی  اور سراج الحق  سمیت اہم شخصیات نے ان سےملاقات کی  اور بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ باپ بیٹے کو پیرول پر رہا کرکے حکومت نے کوئی احسان نہیں کیا۔ پی ڈی ایم کے جلسوں نے ثابت کیا کہ عوام حکومت کی معاشی پالیسیوں مسترد کر چکے ہیں۔ اور اب عمران خان استعفیٰ اور گھر جائیں.مریم اورنگزیب نے مزید  کہا کہ حکومت نے کرپشن کی انتہا کردی۔ ادویات سمیت ایل این جی پر اربوں روپے کا ڈاکا مارا گیا.

خیال رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو حکومت پنجاب نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر 27 نومبر کو پیرول پر رہا کیا تھا ۔ 

مزیدخبریں