کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے علمائے کرام کی حکومت کو یقین دہانی

05:25 PM, 3 Dec, 2020

اسلام آباد: عالمی وبا کی دوسری لہر اور ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے علمائے کرام نے حکومت کو ایس او پیز پر مکمل عمل کروانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی کی زیر صدارت کورونا کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں وبا سے بچاو کے لئے ملک بھر میں یوم دعا منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا وبا سے بچاو کے لئے اللہ سے رجوع ضروری ہے جبکہ وفاق المدارس نے ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی مکمل یقین دہانی کروا دی ہے۔ 

مولانا حنیف جالندھری نے بتایا کہ اس وقت مدارس وبا کے حوالے سے حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کر رہے ہیں اور اس دوران مفتی اقبال چشتی نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتیں ہر معاملے پر کیڑے نکالنا چھوڑیں اور وبا کو سنجیدہ لیں۔ 

صدر مملکت کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور سمیت دیگر صوبوں کے گورنرز، وفاقی وزرا اور علما نے بھی شرکت کی۔ 

واضح رہے کہ پاکستان میں آنے والی وبا کی پہلی لہر کے دوران بھی حکومت نے علما و مشائخ کی مشاورت سے ایس او پیز مرتب کئے تھے۔ جس کے تحت مساجد میں نمازیوں اور صفوں کے درمیان فاصلہ چھوڑا گیا تھا جبکہ مساجد میں نمازیوں کا ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا اور ہینڈ سینی ٹائزر بھی رکھے گئے تھے۔ 

مزیدخبریں