سربراہ پاک فضائیہ کا میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات پر اظہار تعزیت

Chief of Air Staff expresses condolences on the death of Mir Zafarullah Khan Jamali
کیپشن: فوٹو/فائل

اسلام آباد:پاک فضائیہ کے سربراہ پاک ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں  سوگوار خاندان کے لیے دعا کی ہے۔


تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے،دعا ہے کہ اللہ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں  خاص جگہ عطا فرمائے اور ان کے خاندان کو یہ دکھ صبر وہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


 اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے  مزید کہا کہ میر ظفر اللہ خان جمالی کی پاکستان کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


خیال رہے کہ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی عسکری ادارہ امراض قلب میں زیر علاج تھے اور ان کو اے ایف آئی سی منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چند دن سے وینٹی لیٹر پر رہے اور گزشتہ روز انتقال کرگئے۔


سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944 کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ضلع نصیرآبادکےعلاقے روجھان کے سیاسی خانوادے سے تھا۔

میر ظفر اللہ جمالی نے سیاسی کیریئرکا آغاز 1970 میں کیا اور پہلی بار 1970 کے الیکشن میں حصہ لیا۔میرظفراللہ جمالی وزیراعلیٰ، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان بھی رہے اور وہ دو بار سینیٹ کے رکن بھی رہے۔