اسلام آباد:ملک بھر میں عالمی وبا کی دوسری لہر شدت اختیار کر گئی اورمزید 39 افراد وبا کا شکار ہوکر جان گنوا بیٹھے جبکہ مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار205 ہوگئی ،24 گھنٹے میں مزید 3ہزار 499 کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 4لاکھ 6 ہزار 810 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوچکے ہیںجبکہ3 لاکھ 46 ہزار 951 مریض وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
این سی او سی نے 5 دسمبر سے 12 دسمبر تک حفاظتی اقدامات برائے وبا منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وبا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوچکی ہیں جہاں پر 3 ہزار 91 اپنی جان گنوا چکے ہیں جبکہ سند ھ میں 2 ہزار 968 ،کے پی کے 1 ہزار 378 ،اسلام آباد 329 ،گلگت بلتستان97 ،بلوچستان169 اور آزاد کشمیر میں 173 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی تعداد 31 ہزار165،کے پی کے 47 ہزار 919 ،سندھ 1لاکھ77ہزار 625 ،پنجاب 1 لاکھ اکیس ہزار 83 ،بلوچستان 17 ہزار 268 ،آزاد کشمیر 7 ہزار 67 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 683 افراد وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے ہوٹل، کیفے اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کھانا کھلی جگہ اور کرسیوں کے درمیان مناسب فاصلے پر کھانے کی اجازت ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس ٹیک اوے کی سروس فراہم کرسکیں گے۔