منگلا کور نے پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی، آئی ایس پی آر

Mangla Corps wins first position in Pakistan Army Rifle Association, ISPR
کیپشن: فوٹو/فائل

راولپنڈی: منگلا کور نے 40 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (پی اے آر اے)کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کراچی کور، رنر اپ رہی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 40 ویں پی اے آر اے سینٹرل میٹ جہلم کے نزدیک آرمی مارکس مین شپ فائرنگ رینج میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن مہمان خصوصی تھے۔ چار ہفتوں کی پی اے آر اے میٹ میں تینوں سروسز، سول آرمڈ فورسز، صوبائی ٹیموں، سول شوٹنگ فیڈریشنوں، ایسوسی ایشنوں اورکلبوں کی 30 ٹیموں سمیت 1500 فائررز نے حصہ لیا۔ مہمان خصوصی نے مقابلہ جیتنے والوں اور رنر اپ کے درمیان ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔

راولپنڈی کور کے لانس نائیک ذیشان علی کو دی ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی دی گئی۔ صدارتی کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی آرمی کی ٹیم کے لیفٹیننٹ کرنل (ر)ادریس رشید کو دی گئی۔

پاک بحریہ نے پرائم منسٹر سکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ جیت لیا۔ پاک فضائیہ نے چیف آف آرمی اسٹاف رائفل اینڈ پسٹل میچ جیتا۔ چیف آف نیول اسٹاف رائفل میچ پاکستان آرمی نے جیتا جبکہ چیف آف ایئر سٹاف پسٹل میچ پاک فضائیہ نے جیتا۔


دوسری جانب آسٹریلین رائل ملٹری کالج (آر ایم سی)دنترون نے آسٹریلیا میں منعقد ہونے والی پاسنگ آٹ میں پاکستان آرمی کے کیڈٹ محمد حارث کو مجموعی طور پر بہترین غیر ملکی کیڈٹ قرار دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ پاک فوج کی سرشار اور پرعزم جونیئر لیڈر شپ کی اعلیٰ تربیت کے معیار کا ثبوت ہے ۔