ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے والے کرس گیل کو 3لاکھ ڈالرز زرتلافی ادا کر دیے گئے

ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے والے کرس گیل کو 3لاکھ ڈالرز زرتلافی ادا کر دیے گئے

سڈنی:آسٹریلین میڈیا گروپ فیئر فیکس کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیتنے پر مایہ ناز ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کو زرتلافی کی مد میں 3 لاکھ آسٹریلین ڈالرز کی ادائیگی کر دی گئی۔


نیو ساﺅتھ ویلز سپریم کورٹ کی جسٹس لوسی میک کالم کے حکم پر عمل کرتے ہوئے پیر کو گیل کو زر تلافی کی مد میں 3 لاکھ آسٹریلین ڈالرز ادا کر دیے گئے۔

واضح رہے کہ جنوری 2016 میں آسٹریلین میڈیا گروپ فیئر فیکس نے گیل کے خلاف مساج تھراپسٹ لیانا رسل کی جانب سے الزامات پر مبنی ایک خبر شائع کی گئی تھی۔

ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ 2015 ورلڈ کپ کے دوران ویسٹ انڈین کرکٹر ڈریسنگ روم میں ان کے سامنے بے لباس ہو گئے تھے جس پر گیل نے فیئر فیکس کے خلاف ہتک عزت کا دعوی کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ الزام سے گیل کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ہتک عزت کا کیس لڑتے ہوئے انہیں بھاری رقم بھی خرچ کرنا پڑی اس لیے وہ زرتلافی کے حقدار تھے۔

فیئر فیکس نیو ساتھ ویلز کی عدالت میں ان الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہی اور گزشتہ سال گیل نے ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا تھا جس کے ایک سال بعد زر تلافی ادا کر دی گئی۔