ابو ظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے  پہلے دن کے اختتام پر 7 وکٹ پر 229 رنز بنالیے

ابو ظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے  پہلے دن کے اختتام پر 7 وکٹ پر 229 رنز بنالیے
کیپشن: سوشل میڈیا: سکرین شاٹ

ابو ظہبی: تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے دن کے اختتام تک 7 وکٹ پر 229 رنز بنالیے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مہمان ٹیم کی جانب سے ٹام لیتھم اور جیت راول نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں ہی ٹام لیتھم کو پویلین بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، وہ 4 رنز ہی بناسکے۔

بعد ازاں دبئی ٹیسٹ کے ہیرو یاسر شاہ تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے پہلے روز ہی بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے اور کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کے 3 بلے بازوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

کھانے کے وقفے کے بعد قومی ٹیم کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت نیوزی لینڈ کے کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، اسپنر بلال آصف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ کپتان ولیمسن کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی وہ 89 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

 

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔