دوحہ: عرب ملک قطر نے آئل کی پیداوار کرنے والے 15 ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز(اوپیک) سے نکلنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قطری وزیر توانائی سعد شیردا الکابی نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ اوپیک تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا فیصلہ اس بات کا عکاس ہے کہ قطر نیچرل گیس کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کی خواہش ہے کہ آنے والے دنوں میں نیچرل گیس کی پروڈکشن 77 ملین ٹن سے بڑھا کر 110 ملین ٹن کی جائے۔قطری پیٹرولیم کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر سے جاری بیان میں بھی کہا گیا کہ قطر کی اوپیک تنظیم سے نکلنے کا اطلاق باضابطہ طور پر یکم جنوری 2019 سے ہوگا۔
قطر کی جانب سے اوپیک تنظیم سے باہر نکلنے کا اعلان اس موقع پر کیا گیا کہ جب تنظیم کا سالانہ اجلاس 6 دسمبر کو ہونے جارہا ہے۔قطر پہلا خلیجی ملک ہے جس نے اوپیک سے نکلنے کا اعلان کیا، قطر نے 1961 میں اس تنظیم کے قیام کے ایک سال بعد اس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے قطر پر دہشتگردوں کی مالی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے دوحا سے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔