اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر ان سے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تعاون مانگ لیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے آج سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انھیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خط موصول ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خط میں افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پاکستان کا تعاون مانگا ہے۔ امریکی صدر نے اپنے خط میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا بھی سمجھ گیا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ ماضی میں امریکا کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ اپنایا گیا لیکن ہم نے امریکا کو برابری کی سطح پر جواب دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔ ہمیں ملکی معیشت بدحالی کا شکار ملی ہے اور یوٹرن عظیم لوگ ہی لیتے ہیں۔