حکومت معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرے گی، وزیراعظم

01:20 PM, 3 Dec, 2018

لاہور: معذور افراد کے عالمی دن پروزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرے گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 3 دسمبر کو ’معذور افراد کا عالمی دن‘ منایا جا رہا ہے.

اس موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’ہماری حکومت معذور افراد کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرے گی۔‘ اس کے علاوہ انہوں نے لکھا کہ ’حکومت نے معذوروں کو خود مختار بنانے کے لیے بل بھی تیار کر لیا ہے۔‘

اقوام متحدہ میں معذور افراد کا عالمی دن منانے کا فیصلہ 3 دسمبر 1992 کو کیا گیا تھا جس کے بعد سے ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد دنیا بھر میں موجود معذوروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان افراد کی افادیت پر زور ڈالنا ہے۔

مزیدخبریں