ڈیرہ اسماعیل خان : وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں زراعت کی ترقی کیلئے چار ہزار سولر ٹیوب ویلز لگائے جارہے ہیں ۔جن میں سے چھ ٹیوب ویل کلاچی میں لگائے جائیں گے ۔چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ کے لئے خیبر پختونخواہ حکومت اپنے حصے کے چالیس ارب روپے وفاق کو دے چکی ہے جبکہ وفاق نے اپنے حصے کا اس پراجیکٹ کیلئے 80ارب روپے دینا ہے اس پراجیکٹ کیلئے عملی کام خیبر پختونخواہ نے کیا اس کیلئے ہم نے وفاق سے سمجھوتہ کیا ہے باتیں نہیں کرتے عملی کام کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلاچی میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔اپنی آمد کے بعد وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کلاچی میں اسرار شہید کینال کا افتتاح کیااورسابق وزیر قانون خیبر پختونخواہ شہید اسرار اللہ خان گنڈہ پور کے مزار پر حاضری دی اور دعا کی ۔وزیراعلی خیبر پختونخواہ نے اس موقع پر تحصیل کلاچی کے لئے اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا ۔وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کی 76تحصیلوں میں سے 50تحصیلوں میں کھیل کے میدان بنارہے ہیں صوبے بھر میں ترقیاتی کام شروع ہیں ۔لوگوں کو معیاری تعلیم دی جارہی ہے ۔سی پیک مغربی روٹ ڈیرہ سے گزر رہا ہے ۔جنوبی اضلاع،ہری پوراور پشاور میں ایک ایک صعنتی زون بنایا جائے گا ۔
لوگوں کو صحت کی سہولت کیلئے 18لاکھ مستحقین میں انصاف صحت پروگرام کے کارڈ دئے جارہے ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ ان کارڈز کا دائرہ کار بڑھا یا جائے انہوں نے کہا کہ اس کارڈ کے تحت آب ہر مستحق تین لاکھ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے تک کی صحت کی مفت سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں منتخب ممبران بااختیار ہیں اور وہ پٹوارخانوں میں جاکر جائزہ لیں کہ عوام کو حکومت کی مہیا کی گئی سروسز مل رہی ہیں ۔