اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے جاری شہباز گِل کے بھائی غلام صابر کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر تحریری حکم نامے میں حکم نامے کی کاپی پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے وزیر اعظم کو بھجنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضروری ہے کہ وزیر اعظم ہنگامی اقدامات کے ذریعے جبری گمشدگی کے اس مکروہ عمل کا سد باب کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے بھائی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔تحریری حکم نامے میں حکم دیا گیا کہ سیکرٹری داخلہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے غلام صابر کی بازیابی اور عدالت پیشی یقینی بنائیں۔
حکم نامے کے مطابق دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، وزارت دفاع، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے نمائندے پیش ہوئے اور تمام اداروں کے نمائندوں نے یک زبان ہو کر مغوی غلام صابر کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ حکومت کی جانب سے مغوی کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار جبری گمشدگی کا معاملہ ظاہر کرتا ہے۔ فریقین کی جانب سے لاپتہ غلام صابر کی بازیابی کیلئے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا، جبری گمشدگی کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعظم اور کابینہ پر عائد ہوتی ہے۔