راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل وکیل ظہیر عباس چودھری عدالت پیش نہ ہو سکے تاہم بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے۔بشریٰٰ بی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چودھری مصروفیت کے باعث دستیاب نہیں، ظہیر عباس چودھری دستیاب ہوں گے تو تفتیشی افسر سے جرح کریں گے۔
ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے فون پر بات کرنے کیلئے عدالت میں استدعا کی جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 7 اگست کت ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے نیب تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کا بیان ریکارڈ کیا تھا جس پر وکلاء صفائی کی جانب سے آج جرح کی جانے تھی۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مجموعی طور 35 گواہوں پر جرح کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔