بلوچستان میں پولیو کے مزید 2کیس سامنے آگئے,جس کے بعد رواں سال متاثرہ بچوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
بلوچستان کے ضلع جھل مگسی اور قلعہ عبداللہ سے ایک ایک پولیو کیس کی تصدیق ہوئی, انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق جھل مگسی میں 3سالہ عبداللہ جب کہ قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سالہ بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔
جھل مگسی کے متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 5 جولائی جبکہ قلعہ عبداللہ کے متاثرہ بچے میں 10 جون کو ظاہر ہوئیں،
پولیو وائرس نے مزید 2 معصوم بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کردیا ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کا مسلسل خطرہ پاکستان کے لئے پریشان کن ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہے کہ حالیہ کیسز کے پیشِ نظر انسدادِ پولیو پروگرام صورتحال کا جامع جائزہ لے رہا ہے، وائرس کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی جارہی ہے۔