شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم ، بیرسٹر گوہر  معاملے سے لاعلم

10:10 AM, 3 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

الام آباد: پی ٹی آئی نے پارٹی رہنما اور ایم این اے شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی۔ چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر  کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ میں ایسے کسی فیصلے سے آگاہ نہیں ہوں ۔

پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے دستخطوں سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نوٹس پیریڈ پر تھے۔اعلامیے کے مطابق نوٹس پیریڈ کے دوران انضباطی کمیٹی نے محسوس کیا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی ضوابط کا کوئی خیال نہیں ہے، شیرافضل مروت خودکوپارٹی قوانین سے بالاتر سمجھتےہیں۔

 پی ٹی آئی نےشیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ  اگر شیر افضل مروت ایک عزت دار شخص ہیں تو وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں۔

رکنیت ختم کرنےکا یہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی نے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیا جبکہ کور کمیٹی ممبران نے بھی شیر افضل مروت کی رکنیت منسوخی کی تصدیق کی تھی، کور کمیٹی اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ شیر افضل مروت کو نکالا جائے۔

دوسری جانب شیر افضل مروت  کی پارٹی رکنیت برطرفی کا معاملہ پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر لاعلم نکلے اور کہا  کہ میں نے ابھی نوٹیفکیشن دیکھا ہے، مجھے لگتا ہے یہ جعلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایسے کسی فیصلے سے آگاہ نہیں ہوں ۔اگر مجھے علم نہیں تو پھر شیر افضل مروت کو کیسے نکالا جاسکتا ہے، بطور چئیرمین پی ٹی آئی ایسے کسی اقدام کی منظوری نہیں دوں گا۔شیر افضل ہماری پارٹی کے رکن  اور بانی پی ٹی آئی کے وفادار ساتھی ہیں ۔اگر کسی نے ذاتی حیثیت میں ایسا فیصلہ کیا تو منظور نہیں کروں گا ۔

مزیدخبریں