لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری نے آئندہ انتخابات کے انعقاد کو نواز شریف کی وطن واپسی سے جوڑ دیا، کہتے ہیں کہ جس روز نواز شریف وطن واپسی کے لیے جہاز میں بیٹھیں گے تو سمجھ لیں کہ الیکشن ہونے والا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہ نواز شریف نہ صرف انتخابی مہم کی قیادت کریں گے بلکہ پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار بھی وہی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کے لیے نواز شریف کو انصاف ملنا چاہیے، اگر عدالتیں انہیں انصاف دیں تو ان کی نااہلی ایک لمحے میں ختم ہو جائے گی۔
طلال چوہدری نے پارٹی رہنما مریم نواز کے اس مطالبے کو دہرایا کہ انتخابات سے قبل یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ دونوں پلڑے برابر ہوں ورنہ معیشت سمیت کچھ نہیں بدلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں لیکن انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا اختیار الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو حاصل ہے۔
خیال رہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مردم شماری کے نام پر انتخابات میں تاخیر کا امکان پیدا ہو رہا ہے۔