پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے اسرائیلی موبائل فون ہیکنگ ٹیکنالوجی خرید لی: اسرائیلی اخبار کا دعویٰ

02:53 PM, 3 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی نے موبائل فون ہیک کرنے کی اسرائیلی ٹیکنالوجی خریدلی ہے۔ اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور ملک میں پولیس کے مختلف یونٹ کم از کم 2012 سے اسرائیلی سائبر ٹیکنالوجی فرم Cellebrite کی تیار کردہ مصنوعات استعمال کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ موبائل فون ہیکنگ ٹیکنالوجی ٹولز پاکستان کو اسرائیلی فرم 'سیلیبریٹ ایشیا پیسیفک 'نے سنگاپور میں اپنے دفتر کے ذریعے فروخت کیے، یہ ٹولز ایف آئی اے اور پولیس استعمال کرتے ہیں۔


اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا کہ ایف آئی اے اور پولیس 2012 سے اسرائیلی فرم کی مصنوعات استعمال کر رہی ہے، سالبرٹ ایشیا پیسفک نے پاکستانی کمپنیوں کو مصنوعات فروخت کیں، ایف آئی اے نے 2019 تک، سندھ پولیس نے 2012 میں اسرائیلی فرم کی یو ایف ای ڈی ٹچ الٹیمیٹ ڈیوائس حاصل کی۔


 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیلاروس، چین، یوگنڈا، وینزویلا، انڈونیشیا، فلپائن، روس، ایتھوپیا اور بنگلا دیش اسرائیلی فرم کےکلائنٹس میں شامل ہیں۔



اسرائیلی فرم سیلیبریٹ ایشیا پیسیفک نے اسرائیلی اخبار کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان کو براہ راست یا بالواسطہ فروخت نہیں کرتی۔   اسرائیلی فرم سیلیبریٹ نے پاکستان کے لیے سنگاپور شپمنٹ سرٹیفیکیٹ اور پاکستانی سرکاری ٹینڈرز کے ساتھ تعلق کی وضاحت کرنے سے انکار کردیا ہے۔


اسرائیلی سائبرٹیکنالوجی فرم کا کہنا ہے کہ کمپنی اپنے آلات صرف سکیورٹی فورسز اور محکمہ پولیس کو فروخت کرتی ہے۔


دوسری جانب اسرائیلی وزارت دفاع نےاس رپورٹ پر ردعمل دینے سےگریز کیا ہے۔

مزیدخبریں