اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس سے ثابت ہوچکا ہے عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ہے ۔ عمران خان نے اسرائیلی اور بھارت سے فنڈنگ لی ہے ۔
مولانا فضل الرحمان کی پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو ، کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روح کے مطابق عمران خان صادق اور امین نہیں کذاب اور خائن بن چکے ہیں ، وہ اب ملزم نہیں مجرم قرار دیئے جاچکے ہیں ۔ ثابت ہوچکا عمران خان غیر ملکی کٹھ پتلی ہیں ، اب آئین وقانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے عہدیداروں کی فوری گرفتاریاں عمل میں لائی جانی چاہئیں ، ان کے ملازمین کو گرفتار کرکے تفصیلات حاصل کی جائیں ۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹے بیان حلفی اور ڈیکلیریشن جمع کرائے گئے ۔ 16 بینک اکاؤنٹس چھپائے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے ، صدر عارف علوی پر جرم ثابت ہوچکا ہے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان قوم سے پانچ سال سے جھوٹ بول رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹے بیانئے دیئے ۔ صاف نظر آرہا ہے ریاست کو زمین بوس کرنے کے لیے اقتدار حاصل کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر نے اپنا مقدمہ مضبوطی سے لڑا ، 2011 میں اکبر ایس بابر نے عمران کو غیرقانونی اقدامات سے روکا ۔ پی ٹی آئی کی 2013 کے بعد کی فنڈنگ کا بھی حساب لیا جائے گا ۔ عمران خان اور اس کا پورا ٹبر کرپٹ ہے ۔ عمران خان یہ الزامات اپنے فوت شدگان ساتھیوں پر ڈال رہا ہے ۔ ریاست کی بقا کیلئے تمام تنظیموں اور اداروں کو یک جان ہو کر ایک پیج پر آنا ہوگا ۔