اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کا وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سربراہی اجلاس ختم ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی پر ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہونے کے بعد پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان اور دیگر قیادت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری کل وفاقی کابینہ کرے گی ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون میں پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کو احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا ۔
اس سے قبل وفاقی وزیر سعد رفیق نے ممنوعہ فنڈنگ پر عمران خان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ، لیگی رہنما نے خان صاحب سے پوچھا کہ انہوں نے بھارت اور اسرائیل سے فنڈز کیوں لیے ؟ فنڈز لینے کا مقصد کیا تھا ، کہاں لگائے ؟ خیرات کے نام پر لوگوں کو دھوکہ کیوں دیا ؟ پارٹی اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے کیوں چھپائے ؟ لیگی رہنما نے کہا کہ فنڈز لینے کا مقصد سی پیک بند کرانا تھا اور ملک میں انتشار پھیلانا تھا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے انجام تک فارن فنڈنگ پر بات ہوتی رہے گی ۔