خود کو صادق اور امین کہلانے والا عمران خان میر صادق نکلا: خواجہ سعد رفیق

12:51 PM, 3 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئین شکنی کی، وہ بتائیں کہ غیر ملکی انہیں کس مقصد کیلئے پیسے دے رہے تھے، خود کو صادق اور امین کہلانے والا میر صادق نکلا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نشانے پر رکھ لیا اور کہا کہ عمران خان جو غلط کام خود کرتے ہیں وہ ہی الزام دوسروں پر لگاتے ہیں، انہوں نے 4 سال میں معیشت کووینٹی لیٹر پر پہنچا دیا۔ 
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے ایک ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے جو وہ آئین اور قانون کے مطابق ادا کرے گی اور اس حوالے سے مشاورت بھی جاری ہے، ایک سے دو روز میں فیصلہ بھی ہو جائے مگر اہم ترین پہلو یہ ہے کہ بھارتی، اماراتی، برطانوی اور امریکی شہری اور کمپنیاں آپ کو کس خوشی میں پیسے بھیج رہی تھیں، آپ نے ایسا کیا کرنا تھا جس کیلئے پیسے دئیے جا رہے تھے اور اگر جائز طریقے سے پیسے لے رہے تھے تو اکاؤنٹ چھپا کیوں رہے تھے۔ 
انہوں نے کہا کہ آپ لگوں کو طعنے دیا کرتے تھے اور ان پر برسا کرتے تھے لیکن خود اکاؤنٹس بھی چھپا رہے تھے، آف شور کمپنیوں کے موجد بھی بعد میں آپ ہی نکلے، وہ الگ بات ہے کہ کبھی انکوائری نہیں ہوئی کیونکہ اس وقت ٹارگٹ نواز شریف تھا باقی تو سب بہانہ تھا، آپ نے ہر کام کیا مگر اس سوال کا جواب دیں کہ یہ امریکی اور غیر ملکی کمپنیاں کس خوشی میں آپ پر سرمایہ کاری کر رہے تھے، کس کے ذریعے یہ پیسہ بھجوایا جا رہا تھا اور آپ نے کس ایجنڈے کی تکمیل کرنا تھی۔ 
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ عمران خان کا پہلا مقصد سی پیک رول بیک کرنا تھا اور ایسا ہوا بھی، آپ نے چینیوں کو دلبرداشتہ کیا اور وہ جو کرنا چاہتے تھے، سب ختم ہو گیا، گوادر پورٹ کی صفائی ستھرائی کیلئے آنے والا پیسہ بھی پڑا رہا مگر آپ نے کام نہ کیا اور اب وہاں جہاز لنگرانداز نہیں ہو سکتے، سڑکیں ٹوٹ چکی تھیں، کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے تھے، معیشت کی نبضیں ٹوٹ رہی تھی، ہم جب آئے تو یہ عالم تھا کہ یا ملک کو دیوالیہ ہونے دیا جاتا یا پھر بوجھ سر پر اٹھا لیا جاتا اور ہم نے اٹھایا، بڑی تکلیف سے اٹھایا، اس پر عمران خان بہت خوش ہے اور روز کہتا ہے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے گا۔ 
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان پر غیر ملکی سرمایہ کاری کیوں کی گئی، آپ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے آئے تھے اور کامیابی سے اپنا مقصد حاصل بھی کیا، آج لوگ بلک اور سسک رہے ہیں اور ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، اب عمران خان کا کردار یہ ہے کہ پاکستان کو مستحکم نہ ہونے دیا جائے، پی ٹی آئی سے بار بار جواب مانگا جائے گا کہ ممنوعہ فنڈنگ کس مقصد کیلئے لی، آپ نے پانچ بار سرٹیفکیٹ جمع کرایا مگر ہر بار جھوٹا نکلا، یہ صادق کہلاتا تھا مگر میر صادق نکلا، جو یہ دوسروں پر الزام لگاتے تھے وہ خود نکلے۔ 
خواجہ سعد رفیق نے نذیر چوہان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءکو گرفتار کیا گیا، یہ طرز عمل نہایت قابل مذمت ہے، نذیر چوہان کو ایک دہشت گرد کی طرح گرفتار کیا گیا اور ہم امید کرتے ہیں کہ جیسے باقیوں کیلئے رات کو عدالتیں کھلتی رہی ہیں، نذیر چوہان کیلئے بھی کھلیں گی اور انصاف ملے گا۔ 

مزیدخبریں